نئی دہلی30ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) صحت مندمعاشرے کے لیے بہترین جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوارکوکہاہے کہ ایک معاشرے کے طور پر سب کو انسانی حقوق کی اہمیت کو سمجھنے اور طرز عمل میں لانے کی ضرورت ہے اور یہی حکومت کے’’سب کا ساتھ ۔ سب کا وکاس‘‘ اصول کی بنیادہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سنسکرت کی ایک کہاوت ہے ’’سوراج کے اصل میں انصاف ہوتا ہے‘‘ جب انصاف کی بحث ہوتی ہے، تو انسانی حقوق کے تاثرات اس میں مکمل طورپرموجود رہتے ہیں۔استحصال شدہ،متاثرین اور محروم طبقات کی آزادی، امن اور انہیں انصاف یقینی بنانے کے لیے یہ خاص طور پر لازمی ہے۔ یہ تبصرہ وزیر اعظم مودی نے اپنے ماہانہ پروگرام’’من کی بات‘‘ کے دوران قومی انسانی حقوق کمیشن کے کردار کے تناظرمیں کیاہے۔قومی انسانی حقوق کمیشن اگلے ماہ 25 سال پورے کرنے جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی طرف سے دیے گئے آئین میں غریبوں کے اصل حقوق کی حفاظت کے لیے بہت سے انتظامات کیے گئے ہیں۔انہیں کے ویژن سے متاثرہوکر 12 اکتوبر 1993کو’’قومی انسانی حقوق کمیشن‘‘ یعنی’’نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن‘‘(NHRC)کاقیام کیاگیاتھا۔مودی نے کہا کہ کچھ ہی دنوں بعد این ایچ آر سی کے25 سال پورے ہونے والے ہیں۔این ایچ آر سی نے نہ صرف انسانی حقوق کی حفاظت کی بلکہ انسانی وقار کو بھی بڑھایاہے۔ ہمارے ہردل عزیز لیڈر، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے واضح طور پر کہا تھا کہ انسانی حقوق ہمارے لیے کوئی پرایا تصور نہیں ہے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے انسانی حقوق کو لے کر وسیع بیداری پیدا کی ہے، انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ اس کے غلط استعمال کو روکنے میں بھی قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہاہے کہ25 سال کی اس سفر میں قومی انسانی حقوق کمیشن نے ہم وطنوں میں ایک امید،ایک احساس کا ماحول پیدا کیاہے۔ ایک صحت مند معاشرے کے لیے بہترین جمہوری اقدار کے لیے میں سمجھتا ہوں، یہ ایک بہت بڑی امیدہے۔قومی سطح پرانسانی حقوق کمیشن توہے ہی، ساتھ ہی 26 ریاستی انسانی حقوق کمیشن بھی کام کر رہے ہیں۔ایک معاشرے کے طور پر ہم انسانی حقوق کی اہمیت کو سمجھنے اور طرز عمل میں لانے کی ضرورت ہے ۔ یہ ہی 'سب کا ساتھ ۔ سب کا ترقی' کی بنیادہیں۔وزیر اعظم نے 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی جینتی پر ’’ رن فار یونٹی (اتحاد کیے لیے دوڑ)کی تقریب میں حصہ لینے کے لیے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے۔انہوں نے لوگوں کودرگا پوجااوروجے دشمی کے لیے بھی نیک خواہشات پیش کی ہیں۔